اگر پیپلز پارٹی اتنی خوف زدہ ہے تو جناب الطاف حسین کو اپنا والد ہی قرار دے دے: حسان بٹ
16 ستمبر 2026
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن حسان بٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جیسے ہی قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کی سالگرہ کا وقت قریب آیا، پیپلز پارٹی کی سندھ پولیس نے مکّا چوک اور اس کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری اس خوف کے تحت تعینات کردی کہ کہیں عوام بڑی تعداد میں جمع نہ ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی اس قدر بھاری نفری کی تعیناتی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جناب الطاف حسین آج بھی عوام میں اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور پیپلز پارٹی کے ذہنوں میں ان کا خوف موجود ہے۔
حسان بٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ماضی میں بھی اپنے سے زیادہ طاقتور شخصیات کو اپنا ’’والد‘‘ قرار دیتی رہی ہے، جس کی ایک مثال ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے جنرل ایوب خان کو ’’ڈیڈی‘‘ کہنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر قائدِ تحریک جناب الطاف حسین پر گزشتہ 11 برس سے عائد پابندی کے باوجود پیپلز پارٹی کو ان کی سالگرہ کے موقع پر سندھ پولیس کی اتنی بھاری نفری تعینات کرنا پڑ رہی ہے تو پھر پیپلز پارٹی کو چاہیے کہ جناب الطاف حسین کو بھی اپنا ’’والد‘‘ ہی قرار دے دے.